خاکہ کی تعریف
لفظ خاکہ کے لغوی معنی نقشہ، ڈھانچہ یا کسی چیز کی ابتدائی تصویر کے ہیں۔ ادبی اصطلاح میں خاکہ ایسی نثری تحریر ہے جس میں کسی شخصیت کے ظاہری خدوخال، عادات و اطوار، مزاج، کردار، خوبیوں، کمزوریوں اور زندگی کے نمایاں پہلوؤں کو اس انداز سے پیش کیا جاتا ہے کہ قاری کے ذہن میں اس شخصیت کی ایک جیتی جاگتی تصویر بن جائے۔ خاکہ انگریزی لفظ Sketch کے مفہوم سے قریب ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دارالترجمہ جامعہ عثمانیہ
خاکہ اور سوانح نگاری میں بنیادی فرق یہ ہے کہسوانح میں کسی شخص کی زندگی کے حالات عموماً ترتیب اور تفصیل کے ساتھ بیان کیے جاتے ہیں، جب کہ خاکہ پوری زندگی بیان کرنے کے بجائے شخصیت کے چند ایسے نمایاں پہلوؤں کو سامنے لاتا ہے جن سے اس کے مزاج اور کردار کی مکمل جھلک دکھائی دے۔
خاکہ نگاری کیا ہے؟
کسی شخصیت کو اپنے مشاہدے، تجربے اور تاثرات کی بنیاد پر الفاظ کے ذریعے اس طرح پیش کرنا کہ اس کی شخصیت قاری کے سامنے متحرک اور محسوس ہونے لگے، خاکہ نگاری کہلاتا ہے۔ اچھا خاکہ صرف ظاہری حلیہ بیان نہیں کرتا بلکہ شخصیت کے باطن، عادات، گفتگو، رویے، پسند و ناپسند، خوبیوں اور کمزوریوں کو بھی نمایاں کرتا ہے۔
خاکہ نگاری کی چند اہم خصوصیات یہ ہیں:
- شخصیت کیحقیقی اور جیتی جاگتی تصویر پیش کرنا۔
- شخصیت کی خوبیوں کے ساتھ مناسب حد تک کمزوریوں کو بھی دکھانا۔
- مشاہدے اور ذاتی تجربے کو اہمیت دینا۔
- اختصار اور جامعیت اختیار کرنا۔
- زبان میں شگفتگی اور دل کشی پیدا کرنا۔
- واقعات کے ذریعہ شخصیت کے کردار کو واضح کرنا۔
- خاکہ نگار کی شخصیت بھی اس کے اندازِ بیان سے جھلکنا۔
اردو میں خاکہ نگاری کی روایت
اردو میں خاکہ نگاری کی ابتدائی جھلکیاں قدیم تذکروں اور شخصی حالات کے بیان میں ملتی ہیں۔ محمد حسین آزاد کی مشہور کتاب آبِ حیات میں شعرا کے حالات، مزاج، حلیے اور شخصیت کے بعض ایسے نقوش ملتے ہیں جنہیں جدید خاکہ نگاری کی ابتدائی مثالوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
جدید اور باقاعدہ اردو خاکہ نگاری کے آغاز کے سلسلے میں مرزا فرحت اللہ بیگ کا نام نمایاں طور پر لیا جاتا ہے۔ ان کا مشہور خاکہ ’’نذیر احمد کی کہانی، کچھ میری کچھ ان کی زبانی‘‘ اردو خاکہ نگاری کی روایت میں ایک اہم سنگِ میل سمجھا جاتا ہے۔
اس کے بعد مولوی عبدالحق، رشید احمد صدیقی، خواجہ حسن نظامی، شاہد احمد دہلوی، شوکت تھانوی، سعادت حسن منٹو، عصمت چغتائی، محمد طفیل، مشتاق احمد یوسفی اور دیگر ادیبوں نے اس صنف کو مزید وسعت دی۔
مولوی عبدالحق کی خاص اہمیت یہ ہے کہ انہوں نے صرف مشہور اور نامور شخصیات ہی کو خاکوں کا موضوع نہیں بنایا بلکہ عام لوگوں میں موجود غیر معمولی انسانی خوبیوں کو بھی موضوع بنایا۔ ’’گدڑی کا لال‘‘ اسی رجحان کی ایک خوب صورت مثال ہے۔

