ویراناری چاکلی ایلما ویمنز یونیورسٹی (وی سی آئی ڈبلیو یو ) حیدرآباد کے ویمنس اسٹڈیز سنٹر اور شعبۂ ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام یونیورسٹی ہیلتھ سنٹر میں ’سواستھیا شکتی‘ کے عنوان سے خواتین کی صحت سے متعلق بیداری، طبی معائنے اور عطیۂ خون کے کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا۔ یہ کیمپ کامنی ہاسپٹلس، کنگ کوٹھی اور انڈین ریڈ کراس سوسائٹی، تلنگانہ اسٹیٹ کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔
یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر سوریا دھننجے نے کہا کہ خواتین کی صحت خاندان اور معاشرے کی مجموعی فلاح و بہبود کی بنیاد ہے۔ انہوں نے احتیاطی طبی نگہداشت، باقاعدہ صحت کی جانچ، بیماریوں کی بروقت تشخیص اور رضاکارانہ عطیۂ خون کے فروغ کے لیے اس اقدام کو سراہا۔ انہوں نے یونیورسٹی کے طلبہ، اساتذہ اور عملے پر زور دیا کہ وہ صحت کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں۔

رجسٹرار پروفیسر گڈم ملیشم، وائس چانسلر کے او ایس ڈی ڈاکٹر جی وجئے لکشمی اور پرنسپل ڈاکٹر لوکا پاونی نے بھی اس اقدام کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اپنے تعاون کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں : ویراناری چاکلی الما کی 131 ویں یومِ پیدائش تقریب میں شعبہ اردو کا شاندار مظاہرہ
کیمپ کے دوران شرکاء کو مختلف مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں، جن میں ای سی جی، خون میں گلوکوز کی جانچ (جی آر بی ایس )، بلڈ پریشر، نبض، قد، وزن اور بی ایم آئی کی جانچ شامل تھی۔ ڈاکٹروں کے مشورے کے مطابق ضرورت مند خواتین کے لیے بریسٹ تھرمل اسکریننگ اور غذائی مشاورت کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کے تعاون سے عطیۂ خون کیمپ بھی منعقد کیا گیا۔
کیمپ میں کامنی ہاسپٹلس، کنگ کوٹھی کے اے جی ایم پرتھوی تیج اننتھولا، ڈائٹیشن اور ایچ او ڈی ڈاکٹر پرینکا، جنرل فزیشن ڈاکٹر پریتی، ریڈ کراس بلڈ بینک کے پی آر او ایس پرشانتھ اور ڈاکٹر اومپتی رام پرساد راؤ نے خدمات انجام دیں اور شرکاء کی رہنمائی کی۔
پروگرام کی نگرانی ویمنس اسٹڈیز سنٹر کی انچارج ڈائریکٹر ڈاکٹر روپاشری مکھوپادھیائے اور شعبۂ ہیلتھ سائنسس کی انچارج سربراہ ڈاکٹر پریا کماری ڈی نے کی۔ ویمنس اسٹڈیز سنٹر اور شعبۂ ہیلتھ سائنسز کے تدریسی و غیر تدریسی عملے نے کیمپ کے انعقاد میں فعال تعاون کیا۔

