الصفہ گرامر اسکول و حفظ اکیڈمی سلیمان نگر راجندر نگر میں آج بتاریخ ۱۰ مارچ ۲۰۲۶ بروز منگل دسویں جماعت کے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں ایک پُروقار وداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جو عام طور پر اسکول میں ہونے والے پروگرام سے بالکل مختلف اور جداگانہ تھا جہاں نہ رقص و سرور کی محفل تھی نہ زمانے کی نیرنگیاں بلکہ نہایت ہی ادب و احترام کے ساتھ پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد حمد اور نعت پیش کی گئی۔ بعد ازاں صدرِ معلمہ نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مہمانانِ گرامی اور حاضرین کا خیرمقدم کیا۔
یہ بھی پڑھیں : ویمنس یونی ورسٹی کی طالبات کا دورۂ ادارہ ادبیات اردو
اس موقع پر اساتذۂ کرام نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے طلبہ کو علم محنت، لگن اور اخلاص کے ساتھ حاصل کرنے کی ترغیب دی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
مہمانِ خصوصی ڈاکٹر سیدہ نسیم سلطانہ صاحبہ اسسٹنٹ پروفیسر اردو ویمنس یونیورسٹی نے اپنے خطاب میں طلبہ کو ہمت، صبر اور ثابت قدمی کے ساتھ مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے تعلیم جاری رکھنے کی تلقین کی اور جس حوصلے ،عزم و ہمت اور مشکلات سے اپنا علمی سفر طے کیا اس سے آگاہ کرایا ۔ طلبہ و طالبات نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسکول اور اساتذہ کے ساتھ گزارے ہوئے یادگار لمحات کو بیان کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر والدین کی اپنے بچوں کے لئے مسلسل محنت اور طويل کوششوں کو سراہتے ہوئے شال پوشی کی گئی اور طلباء کو مومنٹو دیا گیا اسی طرح مہمانِ خصوصی کی خدمت میں شال اور مومنٹو پیش کیا گیا۔
تقریب کے صدر سید منہاج علی قادری شرفی صاحب (پرنسپل) نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ الصفه طلبہ و طالبات کی تعلیم کے ساتھ تربیت پر بھی یکسا محبت کرتا ہے جو اس اسکول کو دیگر اسکولوں سے ممتاز بناتا ہے آج جب کہ طلباء تعلیمی سفرکے اگلے مرحلہ میں قدم رکھنے جا رہیں ہیں ایسے میں یقین محکم ،عمل پیہم اور اخلاص و نرمی کی شدید ضرورت ہوگی اور یہی وہ عناصر ہیں جو کامیابیوں تک پہنچا سکتے ہیں.
پروگرام کی نظامت کے فرائض محمد مکرم ادیب استاذ شعبۂ اردو ادارہ ہذا نے انجام دیے۔ افطار سے قبل خصوصی دعا ، نماز مغرب اور طعام پر تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔




