
سیدہ سمرین بیگم
ایم ۔اے۔اردو ،سال اول
ویرا ناری چاکلی ایلماویمنس یونی ورسٹی
کوٹھی ،حیدرآباد
اردو ادب میں دبستان سے مراد کسی خاص علاقے، زمانے یا فکری و ادبی رجحان سے تعلق رکھنے والے ادیبوں اور شاعروں کا ایسا گروہ ہوتا ہے جن کے اسلوب، زبان، خیالات اور ادبی اقدار میں ایک جیسی ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ لفظ دبستان فارسی زبان سے آیا ہے، جس کے معنی مکتب یا درسگاہ کے ہیں۔ ادبی اصطلاح میں یہ اس روایت کو ظاہر کرتا ہے جو کسی مخصوص ادبی مرکز میں ترقی پاتی ہے۔
دبستانِ دہلی اردو ادب کا سب سے قدیم اور اہم دبستان مانا جاتا ہے۔ اس نے اردو زبان کی تشکیل اور ترقی میں بہت اہم کردار ادا کیا۔ دہلی چونکہ ایک طویل عرصے تک برصغیر کا سیاسی، ثقافتی اور علمی مرکز رہا، اس لیے یہاں کی شاعری اور نثر میں شائستگی، سادگی اور فکری سنجیدگی نمایاں نظر آتی ہے۔ اس دبستان کے شعرا نے زبان کی صفائی، سادگی اور جذبات کی سچی ترجمانی کو بہت اہمیت دی، جس سے اردو ادب کو ایک متوازن اور مہذب انداز ملا۔
یہ بھی پڑھیں : دبستان دہلی اور دبستان لکھنو کا تقابلی جائزہ
دبستانِ دہلی کی شاعری میں عشق کی پاکیزگی، اخلاقی اقدار، تصوف، انسانی جذبات اور فکری گہرائی نمایاں خصوصیات ہیں۔ اس میں بناوٹ اور مبالغہ سے گریز کیا جاتا ہے اور سادہ، آسان زبان استعمال کی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے اردو ادب کی کلاسیکی روایت کی بنیاد سمجھا جاتا ہے۔اس دبستان میں داخلیت کا عنصر نمایاں دکھائی دیتا ہے ۔
اس دبستان کی ایک بڑی خصوصیت تصوف بھی ہے۔ خاص طور پر میر، درد، سودا، ذوق اور غالب کے کلام میں تصوف کا رنگ صاف نظر آتا ہے۔ اس کی وجہ اس دور کے مشکل حالات تھے، جنہوں نے لوگوں کو دنیا سے بے رغبت کر دیا تھا۔ چنانچہ وہ خدا کی طرف مائل ہوئے اور اپنی شاعری میں روحانیت کو جگہ دی۔ اس کے علاوہ شروع میں اردو شاعری پر فارسی کا اثر بھی زیادہ تھا، جس کی وجہ سے تصوف کے موضوعات کو فروغ ملا۔ دہلی صوفیائے کرام کا مرکز بھی تھا، اس لیے اس کا اثر شعرا پر فطری طور پر پڑا۔ میر اور درد تو خود صوفی تھے، اس لیے ان کے یہاں یہ رنگ زیادہ نمایاں ہے۔
دبستانِ دہلی کی شاعری میں غم، اداسی، مایوسی اور محرومی کے جذبات بھی کثرت سے ملتے ہیں۔ تقریباً تمام شعرا کے یہاں یہ کیفیت نظر آتی ہے، خاص طور پر میر کی شاعری میں یہ کیفیت ملتی ہے ۔ اس کی وجہ اس دور کے خراب حالات تھے، جنہوں نے لوگوں کی زندگیوں کو متاثر کیا۔ شاعروں نے اپنے دکھ اور احساسات کو شاعری کے ذریعے بیان کیا۔
زندگی ہے یا کوئی طوفان ہے
ہم تو اس جینے کے ہاتھوں مر چلے (درد)
دبستانِ دہلی کی شاعری میں عشق کو بھی خاص اہمیت حاصل ہے۔ اگرچہ ہر دور کی شاعری میں عشق ایک اہم موضوع رہا ہے، لیکن دہلی کے شعرا نے اسے ایک پاکیزہ اور سنجیدہ انداز میں پیش کیا۔ ان کے ہاں عشق میں سچائی، داخلی جذبات اور ہجر و وصال کی کیفیت ملتی ہے۔ وہ محبوب کی ظاہری خوبصورتی بیان کرنے کے بجائے جذبات کی سچائی کو اہمیت دیتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ عشقِ حقیقی یعنی خدا کی محبت کے موضوعات بھی ان کے کلام میں نمایاں ہیں۔
دہلی کے شعرا کا مزاج سادہ تھا، اسی لیے ان کی شاعری میں بھی سادگی نظر آتی ہے۔ ان کی زبان صاف، آسان اور بے تکلف ہوتی ہے۔ وہ مشکل الفاظ سے پرہیز کرتے ہیں اور عام فہم انداز اختیار کرتے ہیں۔ ان کے ہاں ہندی کے میٹھے الفاظ بھی ملتے ہیں، جو زبان کو مزید دلکش بناتے ہیں۔
دبستانِ دہلی کے شعرا نے شعری صنعتوں جیسے تشبیہ اور استعارہ کا بھی خوب استعمال کیا ہے، لیکن یہ استعمال صرف دکھاوے کے لیے نہیں بلکہ معنی اور حسن پیدا کرنے کے لیے ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ ان کی شاعری میں داخلیت، معنی آفرینی، الفاظ کی صفائی اور اختصار بھی اہم خصوصیات ہیں۔
چونکہ دہلی میں غزل کو خاص فروغ حاصل ہوا، اس لیے اس دبستان کی زیادہ تر خصوصیات غزل کے حوالے سے بیان کی جاتی ہیں۔ اگرچہ قصیدہ اور مثنوی بھی لکھی گئیں، لیکن غزل کو سب سے زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی اور اسی میں اس دبستان کی اصل روح نظر آتی ہے۔
(نیا قلم، نیا اظہار” کے عنوان کے تحت ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تمام تحریریں طلبہ اور نوجوان قلم کاروں کی تخلیقات ہیں۔ ان تحریروں میں پیش کیے گئے خیالات، آرا اور نقطۂ نظر سے ادارے یا ویب سائٹ کا متفق ہونا ضروری نہیں۔ ان تخلیقات کی اشاعت کا مقصد صرف نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی، تخلیقی اظہار کو فروغ دینا اور ادبی صلاحیتوں کو سامنے لانا ہے۔ تحریروں کی صحت، مواد اور خیالات مکمل طور پر قلم کاروں کی تخلیق ہیں ۔)



