
شازیہ بانو
بی ایس سی ، سال اول
ویرا ناری چاکلی ایلما ویمنس یونی ورسٹی ،کوٹھی ،حیدرآباد۔
گزشتہ سے آگے
جیسے ہی حامد نے اپنے ساتھی کی طرف دیکھا، اس کے ہوش اڑ گئے۔ وہ اپنی نشست پر موجود نہیں تھا! حامد کا دل زور زور سے دھڑکنے لگا۔ اس نے گھبرا کر گاڑی کے اندر چاروں طرف دیکھا، مگر وہاں کوئی نہیں تھا۔
اچانک اس کے کان کے بالکل قریب کسی نے سرگوشی کی:
"اب صرف تم باقی ہو۔۔۔!”
یہ آواز سنتے ہی حامد کے بدن میں خوف کی ایک لہر دوڑ گئی۔ اس نے گھبرا کر گاڑی کی رفتار بڑھا دی اور پوری قوت سے ایکسیلیٹر دبا دیا۔ لیکن حیرت انگیز طور پر ریئر ویو مرر میں اسے مسلسل ایک دھندلا سا عکس دکھائی دے رہا تھا۔ وہی سرخ لباس والی لڑکی، جس کی خوفناک آنکھیں جیسے حامد کا تعاقب کر رہی تھیں۔
حامد خوف کے مارے مسلسل گاڑی کی رفتار بڑھاتا جا رہا تھا۔ اس کی پیشانی پسینے سے تر تھی اور ہاتھ اسٹیئرنگ پر کانپ رہے تھے۔ وہ بس جلد از جلد اس منحوس سڑک سے نکل جانا چاہتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: آخر وہ کون تھی ؟
اچانک اسے سڑک کے عین درمیان ایک چھوٹی سی بچی دکھائی دی، جو اپنی گڑیا کے ساتھ کھیل رہی تھی۔ رات کے اس پہر ایک معصوم بچی کو اس سنسان سڑک پر دیکھ کر حامد حیران رہ گیا۔ اس کا دل چاہا کہ گاڑی روک کر بچی کے بارے میں معلوم کرے، لیکن خوف نے اسے ایسا کرنے سے روک دیا۔
رات کے تین بجنے والے تھے۔ حامد دل ہی دل میں صبح ہونے کی دعائیں مانگ رہا تھا۔ وہ سوچ رہا تھا:
"کاش کسی طرح صبح ہو جائے، سورج نکل آئے اور میں اس خوفناک جگہ سے نکل سکوں!”
وہ ابھی انہی خیالوں میں گم تھا کہ اچانک گاڑی جھٹکے سے رک گئی۔ انجن بند ہوگیا اور ہیڈ لائٹس بھی بجھ گئیں۔ دیکھتے ہی دیکھتے چاروں طرف گھپ اندھیرا چھا گیا۔
حامد نے گاڑی اسٹارٹ کرنے کی بہت کوشش کی، مگر کوئی فائدہ نہ ہوا۔ اچانک ہیڈ لائٹس خودبخود روشن ہوگئیں۔
سامنے کا منظر دیکھ کر حامد کی چیخ حلق میں ہی دب کر رہ گئی۔
وہی سرخ لباس والی لڑکی آہستہ آہستہ اس کی طرف بڑھ رہی تھی۔ اس کی گود میں وہی چھوٹی بچی تھی، جو کچھ دیر پہلے سڑک کے درمیان اپنی گڑیا سے کھیل رہی تھی۔
لڑکی کا چہرہ پہلے سے بھی زیادہ خوفناک دکھائی دے رہا تھا۔ اس کے بکھرے ہوئے بالوں کے درمیان سے جھانکتی سیاہ آنکھیں حامد کو گھور رہی تھیں۔ اس کے ہونٹوں پر ایک پراسرار مسکراہٹ تھی، جیسے اسے حامد کی بے بسی پر خوشی ہو رہی ہو۔
وہ گاڑی کے بالکل قریب آکر رکی اور ایک بھاری، ڈراؤنی آواز میں بولی:
"حامد! کیا تم مجھے بھول گئے؟”
حامد نے کانپتے ہوئے جواب دیا:
"ت… تو۔۔۔۔تم کون ہو؟ میں تمہیں نہیں جانتا!”
یہ سنتے ہی لڑکی زور زور سے ہنسنے لگی۔ اس کی ہنسی سنسان سڑک پر گونجنے لگی۔ پھر اس نے اپنی گود میں بیٹھی بچی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا:
"میں تمہارے برے اعمال ہوں! اور یہ جو بچی تم دیکھ رہے ہو، یہ تمہارے صغیرہ گناہوں ہیں، جبکہ میں تمہارے کبیرہ گناہوں کا وبال ہوں۔ تم نے اپنی زندگی میں جو کچھ کیا ہے، آج وہ سب تمہارے سامنے خوفناک شکل میں ہوں۔ اب تمہیں کوئی نہیں بچا سکتا۔ تمہارا وقت پورا ہوچکا ہے!”
حامد خوف سے کانپنے لگا۔ اس کے ذہن میں ایک ہی سوال گردش کر رہا تھا کہ آخر یہ دو بھیانک شکلیں اس کا تعاقب کیوں کررہی ہیں ؟
سفر کا اس کا ساتھی کہاں چلا گیا ؟
شاید وہ ایک نیک انسان تھا، لیکن حامد کی دوستی اور اس کے بعض برے کاموں میں ساتھ دینے کی وجہ سے وہ بھی اس خوفناک سفر میں کچھ فاصلے کا ساتھی تھا۔ تاہم حامد، جو خود برائیوں میں ڈوبا ہوا تھا، اس عذاب سے بچنے کا کوئی راستہ نہیں ڈھونڈ پا رہا تھا۔
ابھی حامد اس خوفناک صورت حال سے نکلنے کی تدبیر سوچ ہی رہا تھا کہ اچانک ایک معصوم ، روشن چہرہ ، سفید لباس میں ملبوس نوجوان لڑکا اس کے سامنے نمودار ہوا، جس کے آتے ہیں فضا میں ایک کبھی نہ سونگھی گئی خوشبو بیکھر گئی ۔ اس نے حامد کی طرف مسکراتے ہوئے کہا:
"گھبراؤ مت! میں تمہاری اس مصبیت سے باہر نکلنے میں مدد کرنے آیا ہوں۔”
حامد کے دل میں امید کی ایک ننھی سی کرن جاگی۔ اسے محسوس ہوا کہ شاید اب اس کی جان بچ جائے گی۔ لیکن وہ لڑکا ابھی اس کی مدد کے لیے آگے بڑھا ہی تھا کہ سرخ لباس والی لڑکی نے ایک خوفناک قہقہہ لگایا۔
لڑکے نے اس کا مقابلہ کرنے کی کوشش کی، مگر وہ اتنا طاقتور نہیں تھا کہ اس پراسرار مخلوق کے سامنے ٹھہر سکے۔ دیکھتے ہی دیکھتے وہ لڑکا بھی دھند کے ایک بادل کی طرح غائب ہوگیا۔
اب حامد بالکل تنہا تھا خوف سے اس کی جانب حلق میں اٹک چکی تھی نہ آواز باہر نکل رہی تھی نہ الفاظ واپس حلق میں جارہے تھے ۔
سرخ لباس والی لڑکی کا قہقہہ مسلسل فضا میں گونج رہا تھا۔ اس کے چہرے کا خوفناک تاریکی مزید گہری ہوتی جا رہی تھی۔ حامد نے بے بسی سے راہ فرار اختیار کرنے کی لا حاصل کوشش کررہا تھا وہ اپنی کوشش میں ناکام ہوچکا تھا اور اس اب اس کی مدد کے لیے کوئی دوسرا بھی موجود نہیں تھا۔
اسی لمحے اسے احساس ہوا کہ زندگی بھر کی برائیوں نے اسے آج اس مصبیت میں جکڑ لیا ہے اور جن اچھے کاموں پر اسے کبھی فخر تھا، وہ بھی آج اس کے کوئی کام نہیں آئے۔
وہ خوف سے آنکھیں بند کرنے ہی والا تھا کہ اچانک ایک زوردار آواز سنائی دی۔
"حامد۔۔۔!”
حامد ہڑبڑا کر اٹھ بیٹھا۔
اس کی آنکھ کھل چکی تھی۔ وہ اپنے بستر پر موجود تھا۔ اس کا پورا جسم پسینے سے شرابور تھا اور سانسیں بے ترتیب تھیں۔ اس نے گھبرا کر کمرے کے چاروں طرف دیکھا۔ نہ کوئی سرخ لباس والی لڑکی تھی، نہ کوئی خوفناک بچی اور نہ ہی وہ پراسرار خوب صورت لڑکا۔
یہ سب ایک خواب تھا!
لیکن اس خواب نے حامد کے ذہن پر گہرا اثر چھوڑ دیا تھا۔ وہ کافی دیر تک خاموش بیٹھا اپنے اعمال کے بارے میں سوچتا رہا۔
اسے محسوس ہوا کہ شاید قدرت نے اسے ایک ایسا خواب دکھایا تھا جو اس کی زندگی کا رخ بدل سکتا تھا۔
اس نے دل ہی دل میں عہد کیا کہ اب وہ برائیوں سے دور رہے گا اور نیکی کے راستے کو اختیار کرے گا۔
کیونکہ انسان کی اصل کامیابی دولت، شہرت یا دنیاوی آسائشوں میں نہیں، بلکہ اس کے اچھے اعمال میں پوشیدہ ہوتی ہے۔
نیکی کا راستہ ہی حقیقی سکون اور کامیابی کا راستہ ہے، جو انسان کو اس دنیا میں بھی سرخرو کرتا ہے اور آخرت میں بھی۔
(نیا قلم، نیا اظہار” کے عنوان کے تحت ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تمام تحریریں طلبہ اور نوجوان قلم کاروں کی تخلیقات ہیں۔ ان تحریروں میں پیش کیے گئے خیالات، آرا اور نقطۂ نظر سے ادارے یا ویب سائٹ کا متفق ہونا ضروری نہیں۔ ان تخلیقات کی اشاعت کا مقصد صرف نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی، تخلیقی اظہار کو فروغ دینا اور ادبی صلاحیتوں کو سامنے لانا ہے۔ تحریروں کی صحت، مواد اور خیالات مکمل طور پر قلم کاروں کی تخلیق ہیں ۔)

