نواب رونق یارخان کو نظام نہم کے عہدہ پر فائز کیاگیا اس سلسلہ میں اعظم فنکشن ہال مغل پورہ میں تقریب گدی نشینی منعقد کی گئی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ نواب میربرکت علی خان مکرم جاہ بہادر کے انتقال کے بعد نواب عظمت جاہ بہادر کو نظام نہم مقررکیاگیاتھا۔ تاہم ان کے بیرون ملک چلے جانے کے بعد مجلس صاحبزادگان سوسائٹی رجسٹر1089/2020 کی جانب سے نواب رونق یارخان کو ٹائٹلرنظام نہم بنانے کا فیصلہ کیاگیاتھا۔ مجلس صاحب زدگان سوسائٹی میں خاندان آصف جاہی (آصف اول تا نہم) کے افراد خاندان کی تعداد تقریباً4500 افراد پر مشتمل ہے۔

تاج پوشی تقریب کا روایات آصف جاہی کے مطابق آغاز ہوا۔ خواجہ کے چھلہ مغل پورہ پرحاضری وچادرگل پیش کرنے کے بعد رونق یارخان کے بازو پر شاہی امام ضامن باندھا گیا۔ انہیں پرچم آصف جاہی پیش کیاگیا۔
بعدازاں رونق یار خان نے خانوادہ آصف جاہی کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی کے خلاف نہیں ہیں اور تمام خانوادے آصف جاہی کی فلاح وبہبود کیلئے کام کریں گے۔ اس موقع پر سید مجبتی علی خان‘ میرنظام الدین علی خان‘محمد معز الدین خان صاحب زادی برکت النساء بیگم‘ سید مبارک اللہ برکت ودیگر موجود تھے۔

مجلس صاحبزدگان سوسائٹی جو سال 1932 میں میر عثمان علی خان کی سرپرستی میں قائم ہوئی تھی۔ اس سے وابستہ شہزادے اور شہزادیوں و امراء نے رونق یار خان کو حیدرآباد کے آصف جاہی خاندان کے نویں نظام کے طور پر منتخب کرنے کا اتفاق رائے پر مبنی فیصلہ کیا۔واضح رہے کہ نظام ہشتم میر برکت علی خان مکرم جاہ کے انتقال کے بعد ان کے فرزند عظمت جاہ کو نظام نہم کے طور پرانتخاب کیا گیا تھا۔

مجلس صاحبزدگان سوسائٹی کا کہنا ہے کہ شہزادہ عظمت جاہ کا کسی سے ربط ضبط باقی نہیں رہا وہ خاندان کے افراد کے ساتھ رابطے میں نہیں ہیں اور خاندان آصف جاہی حیدرآباد کی ذمہ داریاں سنبھالنے میں ناکام رہے ہیں اس لئے نواب رونق یارخان کی آصف جاہی خاندان کے نویں نظام کے طور پر تاج پوشی کرنا طے پایا۔
("ندائے نسیم” میں شائع شدہ مواد مصنف یا ماخذ کی ذاتی رائے ہے، ادارہ اس کی درستگی یا قانونی حیثیت کا ذمہ دار نہیں۔ کسی بھی نقصان یا قانونی دعوے کی صورت میں ادارہ جواب دہ نہیں ہوگا۔ قاری کسی بھی معلومات پر عمل سے قبل مستند ذرائع سے تصدیق کرلے-)


