Nida e Naseem

Date: 25/05/2026 7 ذوالحجۃ 1447 ھ
آج کا شعر: مت سہل ہمیں جانو پھرتا ہے فلک برسوں۔۔۔ تب خاک کے پردے سے انسان نکلتے ہیں (میر تقی میر)

تلنگانہ اسٹیٹ اہلیت ٹسٹ (TG-SET 2025) دسمبر میں منعقد ہوگا

تلنگانہ ریاست میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تدریسی اہلیت جانچنے کا سب سے بڑا امتحان، تلنگانہ اسٹیٹ اہلیت ٹسٹ (TG-SET 2025) رواں برس دسمبر کے دوسرے ہفتے میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔ اس امتحان کا انعقاد عثمانیہ یونی ورسٹی کرے گی جو ریاست کی سب سے قدیم اور نمایاں تعلیمی درسگاہوں میں شمار کی جاتی ہے۔ یہ امتحان لکچررس کی ملازمتوں کے حصول کےلئے اہم تصور کیا جاتا ہے ۔ اس یونی ورسٹی کا شمار نہ صرف تلنگانہ بلکہ پورے ملک کی ممتاز جامعات میں ہوتا ہے اور یہاں سے فارغ التحصیل ہزاروں طلبہ و طالبات قومی اور بین الاقوامی سطح پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

امتحان کا طریقہ کار

یونی ورسٹی کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے کے مطابق، اس بار TG-SET 2025 کمپیوٹر بیسڈ ٹسٹ (CBT) کے تحت منعقد کیا جائے گا۔ یہ طریقہ جدید امتحانی نظام کو اپنانے اور شفافیت یقینی بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ امتحان میں دو پرچے شامل ہوں گے جن کی تفصیل کچھ یوں ہے:

  • پرچہ اوّل: 50 سوالات پر مشتمل ہوگا، جملہ نمبر ات 100ہوں گے ۔
  • پرچہ دوم: 100 سوالات پر مشتمل ہوگا، جملہ نمبرات 200 ہوں گے۔
  • دونوں پرچوں کا مجموعی دورانیہ 3 گھنٹے رکھا گیا ہے۔

یہ فارمیٹ امیدواروں کی تدریسی، تحقیقی اور موضوعاتی مہارتوں کو جانچنے کے لئے ترتیب دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : نیٹ کاؤنسلنگ میں عام غلطیاں اور ان سے بچنے کا مکمل طریقہ

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ امتحان کے لئے درخواست فارم 10 اکتوبر 2025 سے آن لائن دستیاب ہوں گے۔ امیدوار اپنی درخواستیں سرکاری ویب سائٹ www.telanganaset.org پر داخل کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ عثمانیہ یونی ورسٹی کی ویب سائٹ www.osmania.ac.in پر بھی تمام معلومات فراہم کی جائیں گی تاکہ امیدوار کو سہولت مل سکے۔

پریس نوٹ کے مطابق  پروفیسر بی۔ سرینواس (ممبر سیکریٹری، TG-SET) اور سینئر پروفیسر کمار مولگارام (چیئرمین TG-SET اور وائس چانسلر، عثمانیہ یونی ورسٹی) نے واضح کیا کہ اس امتحان کا انعقاد تعلیمی معیار بلند رکھنے کے لئے ضروری ہے۔  یہ ٹسٹ ریاست میں تدریسی شعبے میں داخلے کے خواہشمند امیدواروں کے لئے ایک لازمی اور بنیادی مرحلہ ہے۔

یاد رہے کہ عثمانیہ یونی ورسٹی کی تاریخ ایک صدی سے زائد پر محیط ہے۔ اس نے تلنگانہ سمیت پورے ملک میں اعلیٰ تعلیم کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ریاست کے مختلف کالجز اور یونی ورسٹیز میں تدریسی عملے کی بھرتی کے لئے ہونے والا یہ اہلیت ٹسٹ اسی یونی ورسٹی کی نگرانی میں شفاف اور منظم انداز میں منعقد ہوتا ہے۔

تعلیمی ماہرین کے مطابق، TG-SET جیسے امتحانات نہ صرف تدریسی معیار کو بہتر بناتے ہیں بلکہ نوجوانوں میں علمی قابلیت کو ابھارنے کا بھی ذریعہ بنتے ہیں۔ کمپیوٹر بیسڈ امتحان کے نفاذ سے شفافیت اور وقت کی بچت ہوگی جبکہ امیدواروں کے لئے نتیجہ بھی جلدی دستیاب ہو سکے گا۔

تلنگانہ کے ہزاروں امیدوار اب اس امتحان کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ ان کے لئے یہ ٹسٹ تدریسی شعبے میں قدم رکھنے کا سنہری موقع فراہم کرتا ہے۔ اس امتحان کا کامیاب انعقاد عثمانیہ یونی ورسٹی کی ایک اور بڑی کامیابی تصور کیا جاتا ہے  جو برسوں سے علمی اور تحقیقی میدان میں رہنمائی فراہم کر رہی ہے۔

 

("ندائے نسیم” میں شائع شدہ مواد مصنف یا ماخذ کی ذاتی رائے ہے، ادارہ اس کی درستگی یا قانونی حیثیت کا ذمہ دار نہیں۔ کسی بھی نقصان یا قانونی دعوے کی صورت میں ادارہ جواب دہ نہیں ہوگا۔ قاری کسی بھی معلومات پر عمل سے قبل مستند ذرائع سے تصدیق کرلے-)

اوپر تک سکرول کریں۔